اپنی ضرورت دوسروں کیلئے قربان کرنا ہی حقیقی قربانی ہے، خون کا عطیہ دینا خدمت کا قابل تحسین عمل ہے،گورنر بلوچستان

اپنی ضرورت دوسروں کیلئے قربان کرنا ہی حقیقی قربانی ہے، خون کا عطیہ دینا خدمت کا قابل تحسین عمل ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ۔ 13 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ اپنی ضرورت دوسروں کیلئے قربان کرنا ہی حقیقی قربانی ہے، خون کا عطیہ دینا خدمت کا قابل تحسین عمل ہے۔عالمی یوم عطیہ خون کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنے خون کی تھوڑی سی مقدار عطیہ کرکے ہم انسانیت کے اعلی مقصد کی پاسداری یقینی بناتے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہماری اپنی ضرورت کے باوجود ہم دوسروں کی ضرورت کو پہچانتے اور تسلیم کرتے ہیں۔ یہ عطیہ دہندگان کی انسانیت کا سچا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 جون خون کے عطیہ کے اس عالمی دن پر ہم ایک مشترکہ مقصد کیلئے اپنی آواز بلند کرتے ہیں جو سرحدوں، ثقافتوں اور عقائد سے بالاتر ہو۔

واضح رہے کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک میں محفوظ خون تک رسائی صرف ایک طبی سروس نہیں ہے بلکہ زندگی اور موت کے درمیان ایک امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبہ میں خون کی ضرورت خاص طور پر اہم ہے، زچگی کے دوران خون کی منتقلی کی بروقت رسائی نہ ہونے سے زچگی کی شرح اموات میں اضافہ ہوتا ہے۔ لیوکیمیا سے لڑنے والے بچے، حادثے کا شکار ہونے والے اور دائمی حالات کے مریض سبھی محفوظ خون کی مسلسل فراہمی پر منحصر ہیں، خون کے عطیات کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک بھرپوربیداری مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے، خاص طور پر بلوچستان میں، جہاں بدقسمتی سے سب سے کم آبادی ہونے کے باوجود زچگی کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔