خیبر پختونخوا کرپشن کی نظر ہو چکاہے،وہ وقت دور نہیں جب صوبے کا وزیراعلی جیالا ہو گا،فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے حق کو گالم گلوچ سے نہیں دلائل سے حاصل کریں گے، خیبر پختونخوا کرپشن کی نظر ہو چکا ہے، امن امان کی صورتحال مخدوش ہے، جن لوگوں نے نوکریاں اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا وہ اس کو نبھانے میں ناکام رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں پولیس کی تنخوائیں باقی صوبوں سے کم ہیں جب کہ ان …

ایبٹ آباد۔ 13 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے حق کو گالم گلوچ سے نہیں دلائل سے حاصل کریں گے، خیبر پختونخوا کرپشن کی نظر ہو چکا ہے، امن امان کی صورتحال مخدوش ہے، جن لوگوں نے نوکریاں اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا وہ اس کو نبھانے میں ناکام رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں پولیس کی تنخوائیں باقی صوبوں سے کم ہیں جب کہ ان کی قربانیاں زیادہ ہیں،وہ وقت دور نہیں جب خیبرپختونخوا کا وزیراعلی جیالا ہو گا، ہم وفاق کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس گیس، بجلی معدنیات اور سیاحت ہے، چشمہ لفٹ کینال بن جائے تو گندم میں خود کفیل ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد میں پیپلز پارٹی ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ لوگوں کا رحجان پیپلز پارٹی کی طرف جا رہا ہے ،جو سب کے سامنے ہے، گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کے پارٹی پر اعتماد کا اظہار ہے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے لئے کرکٹ سٹیڈیمز کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں انٹرچینج کے منصوبے کی بجٹ میں منظوری دی گئی ہے جس پر میں وزیراعظم محمدشہبازشریف کاخصوصی طور پر مشکور ہوں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس بجٹ میں مانسہرہ مظفر آباد موٹروے کے لئے فنڈ مختص کیا گیا ہے، پوری کوشش ہو گی جلد اس پر کام شروع کروا سکیں۔فیصل کریم کنڈی نے سرکل گلیات کے سردار عتیق ادریس کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایوبیہ چیئرلفٹ کو بحال کرائیں گے۔ انہوں نے ضلعی صدر سید سلیم شاہ کے مطالبے پر ایبٹ آباد میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے سندھ حکومت کے تعاون سے ہسپتال مہیا کرنے کا یقین دلایا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے امریکہ ایران کشیدگی کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا پاکستان پر اعتماد کر ر ہی ہے، آنے والے وقت میں ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور معیشت بہتر ہو گی۔

کنونشن میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا، صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع سالم خان،ڈویژنل صدر ملک فاروق ،ضلعی صدر ایبٹ آباد سید سلیم شاہ، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام کے پارٹی کے صدور ودیگر عہدیداروں، پارٹی کارکنان اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے بھرپور اور کامیاب کنونشن کے انعقاد پر منتظمین، نوجوانوں اور خواتین ونگ کو مبارکباددی۔

مزید خبریں