آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ،پاک بھارت خواتین ٹیمیں کل ایجبسٹن میں آمنے سامنے ہوں گی

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں اتوار کو ایجبسٹن میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیمیں اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہمیشہ انتہائی اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ پوری مہم کا رخ متعین کرتا …

لاہور۔13جون (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں اتوار کو ایجبسٹن میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیمیں اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہمیشہ انتہائی اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ پوری مہم کا رخ متعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم 2025 ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی کامیابی کے بعد اعتماد کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے اور امید ہے کہ بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنا برسوں کی محنت کا صلہ تھا اور اس کامیابی کے بعد بھارت میں خواتین کرکٹ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ہرمن پریت کور کا کہنا تھا کہ اگر ان کی ٹیم اس ایونٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتی ہے تو اس کے مثبت اثرات بھارت میں خواتین کرکٹ کی مزید ترقی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکیاں اب بڑی تعداد میں کرکٹ کی جانب راغب ہو رہی اور قومی ٹیم کی کامیابیاں ان کے لیے تحریک کا باعث بن رہی ہیں۔دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے اپنی نوجوان کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں شامل ابھرتی ہوئی کرکٹرز نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف حالیہ سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج موجود اور ٹیم ٹورنامنٹ کا آغاز مثبت انداز میں کرنا چاہتی ہے۔

فاطمہ ثناء نے مزیدکہا کہ پہلے میچ میں کامیابی پورے ٹورنامنٹ کے لیے اعتماد فراہم کرتی ہے، اس لیے پاکستان کی کوشش ہوگی کہ بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں مضبوط آغاز کیا جائے۔ انہوں نے بطور کپتان ملنے والی حمایت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کا تعاون ان کی ذمہ داریوں کو آسان بناتا ہے اور وہ اپنی کرکٹ پر بھرپور توجہ مرکوز رکھ سکتی ہیں۔24 سالہ فاطمہ ثناء 2024 سے قومی ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں، اس سے قبل وہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں بھی پاکستان کی کپتانی کر چکی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک کھیلے گئے نو ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کو صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی ہے، جو 2022 کے ایشیا کپ میں ملی تھی تاہم قومی ٹیم اس بار تاریخ رقم کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔فاطمہ ثناء نے انگلینڈ کے شائقینِ کرکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہاں کا ہجوم ہمیشہ کرکٹ کو سپورٹ کرتا اور انہیں امید ہے کہ ایجبسٹن میں بڑی تعداد میں تماشائی موجود ہوں گے جو دونوں ٹیموں کے درمیان اس بڑے مقابلے سے لطف اندوز ہوں گے۔

 

مزید خبریں