زیر زمین پانی کے ذخائر کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام نصب کیے جائیں گے، ریاض حسین پیر زادہ

زیر زمین پانی کے ذخائر کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام نصب کیے جائیں گے، ریاض حسین پیر زادہ

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے شدید متاثر ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں ملک کو بار بار قدرتی آفات، غیر معمولی بارشوں اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے یہ بات معروف ماہر ماحولیات اور سماجی کارکن ، چیئرپرسن صبح نو شاہدہ کوثر فاروق سے ملاقات کے دوران کہی جس میں ماحولیاتی تحفظ اور پانی کے مؤثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پروفاقی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے باعث دوہری مشکلات کا شکار ہے۔ ایک طرف شدید بارشیں اورسیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جبکہ دوسری طرف خشک سالی اور پانی کی کمی زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔انہوں نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت ہاؤسنگ کے تحت بڑی عمارتوں، بشمول وفاقی سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام نصب کیے جائیں گے تاکہ زیر زمین پانی کے ذخائر کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے دانشمندانہ استعمال کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کے تحفظ اور گراؤنڈ واٹر لیول کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

ملاقات کے دوران شاہدہ کوثر فاروق نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہےجہاں درجہ حرارت میں اضافہ،گلیشیئرز کا پگھلنا، غیر متوقع بارشیں اور طویل خشک سالی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ پانی کی کمی کا حل صرف حکومتی سطح پرنہیں بلکہ عوامی شمولیت سے ممکن ہے۔شہریوں کو چاہیے کہ وہ پانی کے تحفظ، شجرکاری اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں۔وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے ماحول دوست اقدامات پر عوامی شمولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ابھی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں پانی کی قلت مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں