وطنِ عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نمازِ جنازہ ڈیرہ غازی خان میں ادا کر دی گئی
وطنِ عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نمازِ جنازہ ڈیرہ غازی خان میں ادا کر دی گئی

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 14 جون (اے پی پی):وطنِ عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نمازِ جنازہ ڈیرہ غازی خان کرکٹ اسٹیڈیم میں پورے احترام و عقیدت کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سول و عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد، رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف خان پتافی،آر پی او اظہر اکرم، ڈی پی اوصادق بلوچ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف خان پتافی، ڈی پی او صادق بلوچ اور دیگر افسران نے شہید کے والد ڈیرہ غازی خان کی نامور کاروباری شخصیت حاجی اللہ بخش کورائی و دیگر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہید کیپٹن علی عامر کورائی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے شہید کے جسدِ خاکی کو کندھا دیا اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال خدمات، جرات اور عظیم قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت وطنِ عزیز امن و سلامتی کی راہ پر گامزن ہے اور پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔








