پاکستان سمیت دنیا بھر میں عطیہ خون کا عالمی دن منایا گیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں عطیہ خون کا عالمی دن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں عطیہ خون کا عالمی دن اتوار 14 جون کو منایا گیا۔اس دن کا مقصد محفوظ خون کی ضرورت کے بارے میں عوامی سطح پر آگاہی پیداکرنا اورانسانی زندگیاں بچانے کیلئے رضاکارانہ اور بلامعاوضہ خون عطیہ کرنے والوں سے اظہار تشکر ہے۔عالمی ادارہ صحت نے پاکستان بھر کے عوام سے رضاکارانہ طور پر خون کاعطیہ دینے کی اپیل کی ہے۔خون عطیہ کرنے والوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں اقوامِ متحدہ نے کہا کہ پاکستان کو سالانہ تقریباً 23 لاکھ خون کے عطیات کی کمی کا سامنا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان کو ہر سال 50 لاکھ سے زائد خون کے عطیات درکار ہوتے ہیں جبکہ اس وقت ملک میں تقریباً 27 لاکھ سالانہ عطیات اکٹھے ہو رہے ہیں جس میں رضاکارانہ اور بلا معاوضہ عطیات کی شرح مجموعی تعداد کا صرف 18 فیصد ہے۔پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر لوو داپینگ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگ خون عطیہ کریں تاکہ قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔
خون کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف سرکاری، غیر سرکاری، نجی ، طبی اور فلاحی اداروں کے زیر اہتمام تقاریب کا اہتمام کیا گیا تاکہ عام آدمی کو عطیہ خون کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔ واضح رہے کہ عالمی دن کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں عطیہ خون کیلئے کیمپس بھی لگائے گئے جہاں پر لوگوں نے خون کے عطیات دیئے۔








