تعلیم، مہارت اور روشن مستقبل:اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کا یکم جولائی سے آغاز

تعلیم، مہارت اور روشن مستقبل:اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کا یکم جولائی سے آغاز

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک کے مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ملک بھر کے چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر شمالی علاقوں میں داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے مطابق یونیورسٹی نوجوانوں کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مارکیٹ بیسڈ اور جاب اورینٹڈ پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کر رہی ہے۔

اسی مقصد کے تحت مختلف تکنیکی، پیشہ ورانہ، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز بھی اس سمسٹر میں پیش کیے جائیں گے تاکہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے ۔

داخلوں کے لیے پیش کیے جانے والے پروگراموں میں میٹرک جنرل، میٹرک سائنس، میٹرک درسِ نظامی، ایف اے جنرل، آئی کام، ایف اے درسِ نظامی، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز (بی اے، بی کام، بی بی اے)، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، مختلف مضامین میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، بی ایس (او ڈی ایل) اور بی ایس (فیس ٹو فیس) پروگرامز، ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز شامل ہیں۔تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یکم جولائی 2026ء سے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔

طلبہ و طالبات اپنی تعلیمی ضروریات اور پیشہ ورانہ اہداف کے مطابق پروگراموں کا انتخاب کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔