چیچہ وطنی، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس

چیچہ وطنی، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس

چیچہ وطنی۔ 14 جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا کمشنر آفس ساہیوال میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، چیف کوآرڈینیٹر پفٹیک بریگیڈیئر اسجد علی، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی حسن سکھیرا، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرف نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ اور ساہیوال ڈویژن سے ارکان اسمبلی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محمد ایاز سلیم نے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 1749 مجالس اور 461 جلوس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 70 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 64 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور پولیس کی امداد کیلئے فوج کی 6 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 71 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔ اسی طرح بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رح کے 784ویں عرس کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پاکپتن میں عرس کی تقریبات کا آغاز 12 جون کو ہوچکا ہے جو 26 جون تک جاری رہے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جا کر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور پنجاب میں پرامن محرم الحرام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے کیونکہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ ساہیوال میں محرم الحرام کے حوالے سے تسلی بخش انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکپتن میں عرس کے موقع پر لاکھوں زائرین کی بحفاظت حاضری کیلئے 24/7 فعال رہنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نتظامات کے دوران موسم کی شدت کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام منتظمین پبلک سیفٹی ایپلیکیشن کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منسلک ہو جائیں۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ قیام امن کیلئے ڈویژنل امن کمیٹی کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انتظامیہ پنجاب بھر میں سبیلیں لگا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کیساتھ پنجاب بھر میں سائبر پٹرولنگ سیل قائم کیے گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد پھیلانے پر مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات عملہ شہریوں کی بحفاظت واپسی تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آر پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ کیٹگری اے کی مجالس اور جلوسوں کیلئے اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید خبریں