ڈپٹی کمشنر کا محرم الحرام کےانتظامات، سیکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے کے لیے بہل کا دورہ

ڈپٹی کمشنر کا محرم الحرام کےانتظامات، سیکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے کے لیے بہل کا دورہ

بھکر۔ 14 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی نے محرم الحرام کےانتظامات، سیکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے کے لیے بہل کا خصوصی دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھکر غلام محی الدین رضا،ممبران ضلعی امن کمیٹی،پولیس افسران اور متعلقہ محکموں کے انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس، صفائی ستھرائی،سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، مین ہولز کی کورنگ، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر ضروری امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل بہل شہر میں صفائی ستھرائی، لائٹس کی بحالی،ضروری تعمیر و مرمت،مین ہولز پر کورز کی تنصیب اور دیگر تمام انتظامی امور کی تیاریاں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں،حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے،

داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کا نظام برقرار رکھا جائے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام،عزاداران کی جان و مال کے تحفظ اور پرامن مذہبی ماحول کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اس ضمن میں تمام وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے ۔