پی ایچ ایف کا جونیئر کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے خصوصی نیوٹریشن سیشن کا انعقاد
پی ایچ ایف کا جونیئر کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے خصوصی نیوٹریشن سیشن کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔14جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جونیئر انڈر 21 ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک خصوصی نیوٹریشن سیشن کا انعقاد کیا۔ سیشن کی نگرانی سینئر اسپورٹس نیوٹریشن ایکسپرٹ ڈاکٹر نبیل نے کی،جس میں کھلاڑیوں کو غذائیت سے متعلق درپیش مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد الاسلام، قومی انڈر21 ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین ایاز محمود، کوچ اولمپین سید سمیر حسین اور انٹرنیشنل کوچ اظفر یعقوب بھی موجود تھے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کے مطابق سیشن کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مسائل کا موثر حل تلاش کرنا اور ان کی جسمانی استعداد کو مزید بہتر بنانا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ قومی جونیئر ٹیم کی فٹنس کو مثالی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر نبیل نے کھلاڑیوں کو مسل ٹریننگ، متوازن غذا اور کھیل کے دوران انجریز سے بچائو کے حوالے سے مفید مشورے اور نیوٹریشن پلان فراہم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پروفیشنل کھلاڑی کیلئے متوازن غذا اور درست نیوٹریشن نہ صرف جسمانی فٹنس کیلئے ضروری ہے بلکہ میدان میں بہتر کارکردگی کے حصول میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔








