کے فور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل، سکھر حیدرآباد موٹروے پر کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ، وفاقی وزیر احسن اقبال

کے فور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل، سکھر حیدرآباد موٹروے پر کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ، وفاقی وزیر احسن اقبال

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے لیے تین بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، وفاقی حکومت کراچی کے پانی کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے اور صوبے میں مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکنِ اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے نکتے کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کراچی کے لیے پانی کے اہم ترین منصوبے ‘کے فور’ (K-IV) کے حوالے سے اہم پیش رفت بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت 150 ارب روپے کی خطیر لاگت سے اس پروجیکٹ کو آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ واپڈا نے وفاق کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دسمبر 2026 تک پانی ہر صورت کراچی کے مقررہ پوائنٹ تک پہنچا دیا جائے گا۔ اس مرحلے کے بعد پانی کی آگے فراہمی اور تقسیم کے نیٹ ورک کو مکمل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔مواصلاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سکھر-حیدرآباد موٹروے (M-6) کا پرانا معاہدہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کینسل کر دیا گیا تھا، تاہم اب حکومت نے اس پر نئے سرے سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم موٹروے منصوبہ اگلے تین سے چار سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا، جس سے سندھ بھر میں سفر انتہائی آسان ہو جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کراچی اور حیدرآباد کو ملانے والی موجودہ ایم نائن موٹروے کی نئی الائنمنٹ کے اوپر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کو سنبھالا جا سکے۔ انہوں نے ان تمام منصوبوں کی تفصیلات ایوان کے سامنے رکھنے کے بعد صدارت کرنے والے رکن میاں وقاص صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا بیان مکمل کیا۔

مزید خبریں