عوام دوست بجٹ کی تائید اور بلوچستان کی ترقی کا عزم: رکنِ اسمبلی میاں خان بگٹی کی قومی اسمبلی میں بجٹ تجاویز پیش

عوام دوست بجٹ کی تائید اور بلوچستان کی ترقی کا عزم: رکنِ اسمبلی میاں خان بگٹی کی قومی اسمبلی میں بجٹ تجاویز پیش

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان سے رکنِ قومی اسمبلی میاں خان بگٹی نے وفاقی بجٹ کو مجموعی طور پر ایک مثبت اور عوام دوست پیش رفت قرار دیتے ہوئے حکومت کی معاشی سمت کو سراہا ہے۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے معاشی استحکام اور عوامی ریلیف کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس بجٹ کے مثبت ثمرات بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کیلئے وفاق اور صوبہ مل کر کام کریں گے۔

جٹ کے مثبت پہلوئوں پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ میاں خان بگٹی نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے معتبر تشخص کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور مسلح افواج نے امن و استحکام کے لیے جو مخلصانہ اور تاریخی کردار ادا کیا ہے، آج پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے اس مثبت ماحول کو سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی سازگار قرار دیا۔اپنے حلقے کے پانچ اضلاع بالخصوص ضلع ڈیرہ بگٹی اور سبی کی ترقی پر فوکس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکنِ اسمبلی نے ایک اہم اور تعمیری مطالبہ ایوان کے سامنے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ کا ایک بہترین اور مثبت اصول ہونا چاہیے کہ جن اضلاع سے گیس جیسے قدرتی ذخائر نکلتے ہیں، وہاں کے مقامی باشندوں کو سب سے پہلے گیس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہاں کا عام آدمی براہِ راست ملکی ترقی کے اس سفر میں شامل ہو سکے۔رکنِ پارلیمنٹ نے ڈیرہ بگٹی، خاص طور پر تحصیل سوئی اور پیر کوہ جیسے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ میاں خان بگٹی نے امید ظاہر کی کہ موجودہ عوام دوست بجٹ کے تحت بلوچستان کے انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس سے صوبے کے عوام کا معیارِ زندگی بلند ہوگا اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔