پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا انتخابی شیڈول واپس لینے کا مطالبہ، مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سیاسی اتفاقِ رائے پر زور
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا عام انتخابات کے شیڈول کی واپسی کا مطالبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے آزادکشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات، سیاسی اتفاقِ رائے اور جمہوری عمل میں مضمر ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول واپس لے، موجودہ حالات میں ریاست کو بچانا سب سے بڑی ترجیح ہے، پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ مسئلہ کشمیر رہا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔چوہدری یاسین نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران عوامی مسائل کے حل اور جمہوری نظام کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کیں ۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ مہاجرین کی نمائندگی کے حوالے سے متبادل آئینی اور قانونی راستے موجود ہیں،عوامی ایکشن کمیٹی سے ایک ہفتے کی مہلت مانگی، تاہم درخواست قبول نہیں کی گئی، موجودہ صورتحال میں انتخابات کا انعقاد مشکل دکھائی دیتا ہے۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول واپس لے اور مشاورت کا عمل آگے بڑھائے،پاکستان پیپلز پارٹی کسی تصادم یا محاذ آرائی کے حق میں نہیں۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں دشمن قوتیں، خصوصاً بھارت، صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات، سیاسی اتفاقِ رائے اور جمہوری عمل میں مضمر ہے،آزاد کشمیر میں اشیائے خورد و نوش کی قلت پیدا ہو رہی ہے،ریاست اس وقت سنگین مشکلات اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔پریس کانفرنس میں صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین، سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان،سیکرٹری اطلاعات جاوید ایوب، سینئر وزیر میاں وحید، جاوید بڈھانوی، سردار ضیا القمر،چوہدری قاسم مجید، یاسر سلطان اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔سینئر وزیر میاں وحید نے کہا کہ موجودہ حالات میں ریاست کو بچانا سب سے اہم ضرورت ہے۔ میاں عبدالوحید نے کہا کہ تمام فریقین فوری مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں، پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل تھا، ہے اور رہے گا،کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، پاکستان سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی،بھارت کشمیر اور پاکستان کے تعلقات میں دراڑ ڈالنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ شہداء اور متاثرین سب ہمارے اپنے ہیں، حالات کو مزید خراب نہیں ہونا چاہیے،اوورسیز کشمیری اور پاکستانی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ میاں عبدالوحید نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ریاستی مفاد کو مقدم رکھا جائے، تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ایک ہی مقصد کے لیے متحد ہیں۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ موجودہ بحران کا حل صرف مذاکرات، افہام و تفہیم اور مشاورت میں ہے، تمام فریقین بیٹھ کر مسئلے کا قابل قبول حل نکالیں،انتخابات موخر ہونے چاہئیں۔








