حسین ڈینٹل فیملی کیئر سینٹر کی جانب سے ٹنڈوآدم میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

ٹنڈو آدم میں حسین ڈینٹل فیملی کیئر سینٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ مفت طبی کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا معائنہ

حیدرآباد۔ 14 جون (اے پی پی):حسین ڈینٹل فیملی کیئر سینٹر ٹنڈو آدم کے زیر اہتمام نیو حسین فیملی کنسلٹنٹ چیمبر میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں مستحق مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

طبی کیمپ میں شہر کے معروف ماہر ڈاکٹروں ڈاکٹر طاہر ندیم طور، ڈاکٹر فرید احمد، ڈاکٹر محمد اسلم میمن اور ڈاکٹر طارق شاہ سمیت دیگر ڈاکٹروں نے مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں علاج سے متعلق اہم طبی ہدایات فراہم کیں۔کیمپ کے دوران مختلف ملٹی نیشنل اور مقامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، جس سے بڑی تعداد میں غریب اور ضرورت مند افراد مستفید ہوئے۔ اس موقع پر "اے پی پی”سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر صادق علی بلوچ نے کہا کہ اس مفت طبی کیمپ کا مقصد غریب اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ آج سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات دی گئیں۔ ڈاکٹر صادق علی بلوچ نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور اس طرح کے اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے شریک ڈاکٹروں اور ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر کیمپ میں موجود دیگر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایسی مفت طبی کیمپس عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو معاشی مشکلات کے باعث بہتر علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔ بروقت معائنہ اور تشخیص سے کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے، اس لیے عوام میں صحت سے متعلق آگاہی ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے فلاحی اقدامات سے نہ صرف مریضوں کو سہولت ملتی ہے بلکہ ڈاکٹر اور عوام کے درمیان اعتماد اور رابطہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔

مزید خبریں