بارانی زرعی یونیورسٹی میں انڈرگریجویٹ داخلوں کیلئے پہلا انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد

بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں انڈرگریجویٹ داخلوں کے لیے پہلا انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں انڈرگریجویٹ داخلوں برائے سال 2026 کے لیے پہلا انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ہزاروں امیدواروں کی شرکت یونیورسٹی پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اسے پاکستان کے ممتاز اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شمار کیے جانے کا واضح اظہار ہے۔ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس راولپنڈی کے علاوہ امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر ملک کے 14 مختلف شہروں میں بھی بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ان مراکز میں اٹک، خوشاب، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بورے والا، ملتان، راجن پور، بھلوال، سکردو اور گلگت شامل تھے۔ اس اقدام کا مقصد مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو اپنے آبائی علاقوں کے قریب امتحان دینے کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں طویل فاصلے کے سفر کی دشواری سے محفوظ رکھنا تھا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی معیاری اعلیٰ تعلیم، ماہر اساتذہ، جدید تعلیمی سہولیات اور شفاف و جامع نظام کے ذریعے طلبہ کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد پاکستان بھر کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے، اسی لیے داخلہ کے عمل کو سہل اور طلبہ دوست بنایا جا رہا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے رجسٹرار اور یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ امتحانی ہالز کا دورہ کیا اور انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے امیدواروں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور امتحانی عمل کے شفاف، منظم اور مؤثر انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پہلا انٹری ٹیسٹ 14 جون 2026 کو منعقد ہوا جبکہ اس کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 12 جون 2026 مقرر تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ایسے امیدواروں کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی جو کسی وجہ سے آن لائن رجسٹریشن مکمل نہ کر سکے تھے اور انہیں انٹری ٹیسٹ کے روز موقع پر ہی رجسٹریشن کی سہولت مہیا کی گئی۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق سال 2026 کے انڈرگریجویٹ داخلوں کے لیے دوسرا انٹری ٹیسٹ 12 جولائی 2026 کو منعقد ہوگا جبکہ اس کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ وہ امیدوار جنہوں نے پہلے انٹری ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن کروا لی تھی لیکن کسی وجہ سے امتحان میں شریک نہ ہو سکے انہیں دوبارہ رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہ ہوگی اور وہ خودکار طور پر دوسرے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

مزید خبریں