زیرِ زمین کیبل کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی، 20 کنکشنز اور ٹیوب ویل منقطع

لیسکو کی بڑی کارروائی، بصیرپور سب ڈویژن میں زیرِ زمین خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے بجلی چوری بے نقاب

لاہور۔14جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی بجلی چوری کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بصیرپور سب ڈویژن میں ایک بڑی کارروائی کے دوران زیرِ زمین خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے ہونے والی بجلی چوری پکڑ لی گئی۔

ترجمان لیسکو کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر اوکاڑہ سرکل انجینئر سید قربان علی شاہ اور ایکسیئن حجرا ڈویژن انجینئر اظہر علی پیرزادہ کی ہدایات پر ایس ڈی او بصیرپور انجینئر آصف سہیل اور ان کی ٹیم نے گائوں وانا والا میں چیکنگ کے دوران مشتبہ صورتحال کا نوٹس لیا۔پنجاب پولیس کی معاونت سے کارروائی کے دوران ایک ٹیمپر شدہ پی سی سی پول سے ایل ٹی لائن کے تینوں فیزز سے حاصل کردہ تھری فیز انڈر گرائونڈ ڈائریکٹ کنکشن کا انکشاف ہوا۔کھدائی کے بعد معلوم ہوا کہ پورے گائوں میں غیر قانونی زیرِ زمین نیٹ ورک بچھایا گیا تھا،جس کے ذریعے ایک زرعی ٹیوب ویل اور تقریبا 20 گھریلو کنکشنز کو بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔تمام غیر قانونی کیبلز ہٹا کر سپلائی منقطع کر دی گئی جبکہ ملوث صارفین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینیئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ یہ بجلی چوری کا ایک انتہائی منظم اور خفیہ طریقہ تھا جو تفصیلی فیلڈ انویسٹیگیشن کے بعد بے نقاب کیا گیا۔ جس پر اوکاڑہ سرکل کہ افسران، فیلڈ ملازمین اور پولیس کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو ریجن میں بجلی چوری کیخلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں