صوبائی خودمختاری کا تحفظ اور معیشت کی بہتری حکومت کی اہم کامیابی ہے، مہیش کمار ملہانی

ملکی معیشت کی بہتری، صوبائی خودمختاری کے تحفظ اور دفاعِ وطن میں وفاقی حکومت، پیپلز پارٹی اور پاک افواج کا کردار قابلِ تحسین ہے: ڈاکٹر مہیش کمار ملہانی

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملہانی نے ملکی معیشت کی بہتری، صوبائی خودمختاری کے تحفظ اور دفاعِ وطن کیلئےوفاقی حکومت ، پیپلز پارٹی اور پاک افواج کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اتوار کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملہانی نےبجٹ کے مثبت پہلوئوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپر ٹیکس کا خاتمہ اور کچھ ٹیکسوں میں کمی اچھے اقدامات ہیں تاہم انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ موجودہ مشکل بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے اور ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ترقیاتی بجٹ کا حصہ کاٹ کر وفاق کو بجٹ بنانے کیلئے تقریباً 1200 سے 1300 ارب روپے کا تعاون فراہم کیا جس کی بدولت این ایف سی ایوارڈ کو چھیڑے بغیر صوبائی خودمختاری کا تحفظ ممکن ہوا ، خود وزیرِ خزانہ نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کے لیے پاک افواج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرحدوں پر دشمن کی سازشوں (سندور ۔ون) کو ہماری افواج، عوام اور حکومت نے مل کر ناکام بنایا اور دشمن کو شکست تسلیم کرنی پڑی۔ مہیش کمار ملہانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور ہمیشہ عوام کو روزگار دینا رہا ہے، جہاں بھی ہماری حکومت ہوتی ہے نوکریاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان میں بہترین انتخابی مہم اور عوامی مینڈیٹ کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام نے بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ترقیاتی ویژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں