محرم الحرام کے دوران امن و امان اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کا قصور کا دورہ
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کاضلع قصور کا دورہ س،یکیورٹی انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
قصور۔ 14 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے توانائی، کھیل و امورِ نوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے ضلع قصور کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور آفتاب احمد پھلروان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، ایم ڈی واسا قصور کاشف منہاس، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 ، سول ڈیفنس، متعلقہ محکموں کے افسران ، ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور علمائے کرام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے جلوسوں کے روٹس، سائٹس اور محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے ایمرجنسی کنٹرول روم کا بھی وزٹ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے، جبکہ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے علمائے کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








