نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب اور نیشنل ہاسپٹل اینڈ میڈیکل سینٹر کے درمیان معاہدہ

این سی سی آئی اے پنجاب اور نیشنل ہاسپٹل اینڈ میڈیکل سینٹر کے درمیان ایم او یو پر دستخط، طبی سہولیات کی فراہمی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور۔14جون (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب اور نیشنل ہاسپٹل اینڈ میڈیکل سینٹر کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد ادارے کے افسران، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان کے مطابق معاہدے پر این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم اور نیشنل ہاسپٹل اینڈ میڈیکل سینٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر جہانزیب خان اعوان زئی نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت این سی سی آئی اے کے افسران، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے، تشخیصی سہولیات، طبی مشاورت اور دیگر صحت سے متعلق خدمات پر خصوصی رعائتیں اور ترجیحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔دونوں اداروں نے صحت سے متعلق آگاہی پروگراموں، تربیتی سرگرمیوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور انہیں معیاری طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کہا کہ ادارے کے افسران اور ملازمین کی صحت اور فلاح کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاسپٹل کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ ملازمین کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ ترجمان کے مطابق دونوں اداروں نے مستقبل میں بھی باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ فلاحی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں