چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کوٹ لکھپت ڈویژن کا دورہ کیا اور ریکوری مہم کے دوران حملے میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ لائن مین ماجد کی عیادت کی۔
سی ای او لیسکو کا کوٹ لکھپت ڈویژن کا دورہ، ریکوری مہم کے دوران حملے میں زخمی اسسٹنٹ لائن مین کی عیادت کی

مزید خبریں
لاہور۔15جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کوٹ لکھپت ڈویژن کا دورہ کیا اور ریکوری مہم کے دوران حملے میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ لائن مین ماجد کی عیادت کی۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے زخمی اہلکار کی ہمت اور فرض شناسی کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جنہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو واقعے کے بعد کی صورتحال اور جاری قانونی کارروائی سے آگاہ کیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر کو واقعے کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوفیہ آباد سب ڈویژن کی ٹیم نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم میں مصروف تھی کہ ایک صارف اور اس کے ساتھیوں نے لیسکو اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ لائن مین ماجد شدید زخمی ہو گئے جبکہ لائن مین اشرف کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ لیسکو اپنے ملازمین کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے اور دیگر ضروری امور میں ادارہ ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا اور حملے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








