امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر لمحہ اور عالمی معیشت کیلئے اہم پیش رفت ہے، کیپٹل مارکیٹس کے استحکام اور بین الاقوامی اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کاتقریب سے خطاب
امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر لمحہ اور عالمی معیشت کیلئے اہم پیش رفت ہے، کیپٹل مارکیٹس کے استحکام اور بین الاقوامی اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کاتقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو پاکستان کیلئے باعثِ فخر لمحہ اور عالمی معیشت کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔ پیر کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کی لسٹنگ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعتماد اور بھروسے کے ساتھ ساتھ مصالحتی عمل میں مسلسل، مخلصانہ اور انتھک کاوشیں کیں اور اس عمل کو کامیاب انجام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت میں پاکستان کے کردار نے خطے میں امن کے قیام کیلئے ایک تعمیری اور ذمہ دار شراکت دار کے طور پر اس کی حیثیت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ یہ پیش رفت سفارت کاری، مثبت روابط اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے رواں ہفتے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ اس پیش رفت کے پاکستان کی معیشت اور وسیع تر علاقائی استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان نے اس تنازع کے فوری معاشی اثرات کا موثر انداز میں مقابلہ کیا اور اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ یہ معاہدہ ممکنہ ثانوی اور ثالثی معاشی اثرات کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش میں بھی کمی لائے گا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا تاہم معاہدے نے معاشی سرگرمیوں کے امکانات کو بہتر بنایا ہے اور آئندہ مالی سال کے لیے حوصلہ افزا معاشی مواقع پیدا کیے ہیں۔وزیرخزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ اور بورڈ کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی اور سرمایہ کاروں، بالخصوص نوجوان سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شرکت کو سراہا جو بڑی تعداد میں مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کی لسٹنگ پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کیلئے ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ موجودہ مالی سال کے دوران ملک میں 11 ابتدائی آئی پی اوز سامنے آئیں، جو تقریبا دو دہائیوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ کسی بھی معیشت پر اعتماد کا سب سے مضبوط اظہار اس وقت سامنے آتا ہے جب سرمایہ کار اپنا سرمایہ لگانے کا فیصلہ کرتے ہیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ملک کی معاشی سمت پر اعتماد میں اضافے کی عکاس ہے۔ سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے ابتدائی مراحل سے اس کے ساتھ وابستہ رہے ہیں اور اسے صنعتی تعاون اور برآمدات پر مبنی سرمایہ کاری کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔ وزیرخزانہ نے کوویڈ کے دوران اس منصوبے کے موثر نفاذ کو سراہتے ہوئے چینی مہارت کے کردار اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کے مسلسل اعتماد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اور طویل المدتی خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے پاکستان سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی،کیپٹل مارکیٹس کے استحکام اور بین الاقوامی اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔








