چینی کنسورشیم کا پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کا اعلان

پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چینی سٹریٹجک شیئر ہولڈرز نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس میں اپنی طویل المدتی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چینی سٹریٹجک شیئر ہولڈرز نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس میں اپنی طویل المدتی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کنسورشیم سنٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) میں اپنی شیئر ہولڈنگ بڑھانے کے لیے اضافی سرمایہ کاری کرے گا۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اس حوالے سے درکار اہم ریگولیٹری منظوریوں کا اجراء کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے جس سے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کے ایک نئے مرحلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔یہ بات چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج (سی ایف ایف ای ایکس)، شنگھائی سٹاک ایکسچینج اور شین ژین سٹاک ایکسچینج پر مشتمل چینی کنسورشیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کے دوران کہی۔

اجلاس میں پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور سٹاک ایکسچینج میں نئی مالیاتی مصنوعات متعارف کرانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی وفد نے طویل عرصے سے زیر التواء ریگولیٹری معاملات کے حل اور ضروری منظوریوں کے اجراء پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا شکریہ ادا کیا۔ ایس ای سی پی کی منظوریوں کے نتیجے میں چینی کنسورشیم اب سینٹرل ڈپازٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ میں اپنی شیئر ہولڈنگ میں اضافہ کر سکے گا۔وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے پراپرٹی مینجمنٹ فنکشن کو علیحدہ کمپنی میں منتقل کرنے کی منظوری کا بھی خیرمقدم کیا۔ نئی کمپنی سٹاک ایکسچینج کی جائیدادوں کا انتظام رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (آر ای آئی ٹی) ماڈل کے تحت کرے گی جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اپنی بنیادی کاروباری سرگرمیوں، مارکیٹ ڈویلپمنٹ، نئی مالیاتی مصنوعات کے اجراء اور سٹریٹجک ترقی پر مزید توجہ مرکوز کر سکے گی۔

چینی کنسورشیم کے وفد کی قیادت چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج کے چیف ریپریزنٹیٹو یو ہانگ کر رہے تھے جبکہ وفد میں چائنا فنانشل کے سینئر وائس پریذیڈنٹ لو فینگ سن اور ڈائریکٹر ژانگ شیائو فینگ بھی شامل تھے۔ اجلاس میں پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر سنگ ژین وین، منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او پی ایس ایکس فرخ سبزواری، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم نقوی، ایس ای سی پی کے کمشنر محمد علی فرید خواجہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمران عنایت بٹ اور ڈائریکٹر محمد شمون بھی شریک تھے۔یو ہانگ نے پاکستان کی معاشی ترقی اور کیپیٹل مارکیٹس کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کنسورشیم پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

اجلاس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کراس بارڈر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایفس) کے جلد اجراء اور دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کی مارکیٹوں تک رسائی فراہم کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کی ایکسچینجز کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس پہلے ہی قائم کی جا چکی ہے۔وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جدید ٹریڈنگ اور سیٹلمنٹ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے، مارکیٹ نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانے، نئی مالیاتی مصنوعات کے اجراء، مارکیٹ لیکویڈیٹی میں بہتری اور سرمایہ کاروں کی آگاہی اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے چینی کنسورشیم کے سرمایہ کاری میں توسیع کے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایس ای سی پی مارکیٹ کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور نئی مالیاتی مصنوعات کے اجراء کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔