اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم حنین طارق شاہانی کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا
اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 15 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم حنین طارق شاہانی کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف مذہبی جماعتوں، شیعہ علماء کونسل، جمعیت علماء اسلام (ف)، تاجر برادری، رینجرز، پولیس افسران (ایس ایچ اوز) اور مختلف متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندوں سمیت انجمن سفینہ اہلبیت کے سربراہ رئیس حبیب خان مری، مختیار کار ٹنڈوآدم امام الدین لاڑک، چیف میونسپل آفیسر ملک عبد الحمید، انجمن تاجران کے اقبال بھٹی اور حبیب بھلم سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران مجالس اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، بجلی و گیس کی فراہمی اور ممکنہ لوڈشیڈنگ کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور فول پروف ترتیب دینے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم حنین طارق شاہانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر تمام بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامی و عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور جلوسوں و مجالس کے روٹس پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مکمل تعاون کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ محرم الحرام پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔







