ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ کا نیوزی لینڈ میں آغاز
ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ کا نیوزی لینڈ میں آغاز

مزید خبریں
لاہور۔15جون (اے پی پی):ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ کا نیوزی لینڈ آکلینڈ میں آغاز ہوگیا۔ پہلے روز تمام آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں۔ افتتاحی دن چار دلچسپ مقابلے کھیلے گئے جن میں نسبتا مضبوط ٹیموں نے کامیابی حاصل کی تاہم تمام میچز انتہائی سخت اور سنسنی خیز رہے۔پول اے کے پہلے میچ میں بھارت نے امریکہ کو 2-3 سے شکست دی۔ امریکہ نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے دو گول کی برتری حاصل کرلی لیکن بھارتی کھلاڑی دیپیکا نے پنالٹی کارنرز پر دو گول کرکے ٹیم کو مقابلے میں واپس لایا۔
بعد ازاں نونیت کور نے ایک اور گول اسکور کرکے بھارت کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دیپیکا کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔پول اے کے دوسرے میچ میں جاپان نے یوراگوئے کو 1-3 سے ہرایا۔ جاپان نے پہلے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی تاہم یوراگوئے نے جلد ہی مقابلہ برابر کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل جاپان نے دوسرا گول اسکور کیا جبکہ آخری منٹ میں ایک اور گول کرکے فتح اپنے نام کرلی۔ ماحو سیگاوا کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ملا۔پول بی کے پہلے مقابلے میں چلی نے فرانس کو صفر کے مقابلہ میں 2 گول سے شکست دی۔
چلی کی کپتان مانوئیلا یوروز نے پہلے ہاف میں پنالٹی کارنر پر گول کیا جبکہ میچ کے آخری لمحات میں فرنانڈا اریئٹا نے دوسرا گول کرکے کامیابی یقینی بنائی۔ دومینیکا انانیاس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔دن کے آخری میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے کوریا کو 1-3 سے مات دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کی لیکن دوسرے ہاف کے آغاز پر کوریا نے مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے بعد ہنا گریونال اور ہنا کاٹر کے مسلسل دو گولز نے میزبان ٹیم کو اہم فتح دلادی۔ کیٹلِن کاٹر کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔افتتاحی روز کے اختتام پر بھارت اور جاپان پول اے جبکہ چلی اور نیوزی لینڈ پول بی میں کامیابی کے ساتھ اپنے اپنے گروپس میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ۔







