امریکا ۔ایران امن معاہدہ میں پاکستان کا کلیدی کردار پاکستان کے وقار، سفارتی ساکھ اور بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے،دانیال چوہدری

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار اور اس تاریخی تقریب کی میزبانی عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار، سفارتی ساکھ اور بین الاقوامی اعتماد کا واضح مظہر ہے

راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار اور اس تاریخی تقریب کی میزبانی عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار، سفارتی ساکھ اور بین الاقوامی اعتماد کا واضح مظہر ہے۔ اپنے بیان میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والا امن معاہدہ محاذ آرائی پر سفارتکاری، تنازع پر مذاکرات اور کشیدگی پر امن کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر قومی سلامتی حکمت عملی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی مہارت اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی علاقائی رابطہ کاری نے اس اہم پیش رفت کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی متوازن، اصولی اور ذمہ دار خارجہ پالیسی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور فاصلے کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا جس کا اعتراف عالمی برادری بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور تعمیری مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایران اور امریکا کی قیادت کا پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اعتماد دراصل ملک کی خارجہ پالیسی کی کامیابی اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کے مثبت تشخص کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور اس کے نتیجے میں ہونے والا امن معاہدہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، سلامتی کی صورتحال میں بہتری اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا جبکہ توانائی کی عالمی سپلائی چینز میں بہتری کے ذریعے ترقی پذیر ممالک پر معاشی دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔

انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان مستقل جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، باہمی احترام، سفارتکاری اور مذاکرات کا داعی رہا ہے اور حالیہ پیش رفت اسی پالیسی کی کامیابی کا عملی مظہر ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور متحدہ عرب امارات سمیت دوست ممالک کی جانب سے تحمل، مذاکرات اور مفاہمت کی حوصلہ افزائی کو بھی سراہا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس تاریخی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی عالمی برادری کے اعتماد کا اظہار ہے اور پوری قوم اس اہم سفارتی کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دنیا کو واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان امن، استحکام، اتحاد اور امید کی علامت ہے اور مستقبل میں بھی عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔