سرگودھا پولیس اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے اشتراک سے اولڈ بار روم میں تھیلیسیمیا فائٹرز کے لیے بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا
سرگودھا پولیس اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اشتراک سے تھیلیسیمیا فائٹرز کے لیے بلڈ کیمپ کا انعقاد
سرگودھا۔ 15 جون (اے پی پی):سرگودھا پولیس اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے اشتراک سے اولڈ بار روم میں تھیلیسیمیا فائٹرز کے لیے بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ڈسٹرکٹ بار سرگودھا رمیض سلطان فروکہ، جنرل سکریٹری ڈسٹرکٹ بار سرگودھا خاور جاوید چیمہ ، ڈی ایس پی لیگل قاسم حیات رانجھا سمیت وکلاء برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سو سے زائد بلڈ بیگز عطیہ کئے گئے، ایس پی انوسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ نے بلڈ کیمپ کا وزٹ کیا اور خون کے عطیات دینے والے وکلاء اور پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ آپ کے دئیے گئے عطیات کی بدولت تھیلیسیمیا فائٹرز کی زندگی کا چراغ روشن رہے گا۔ صدر بار رمیض سلطان فروکہ اور جنرل سکریٹری خاور جاوید چیمہ نے اس موقع پر پولیس اور وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار سرگودھا ہمیشہ مظلوموں کی داد رسی اور ایسے فلاحی کاموں میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بھی ایسے کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ خون کی کمی کے شکار بچوں کی بروقت مدد کی جا سکے۔









