وفاقی وزیر داخلہ کااٹک میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی پنجاب کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹک کے علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف انتہائی کامیاب کارروائی پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹک کے علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف انتہائی کامیاب کارروائی پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں آپریشن کے دوران پانچ خطرناک دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سی ٹی ڈی پنجاب کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کے بہادر سپوتوں نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کرملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہماری سکیورٹی فورسز ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں اور پوری قوم کو سی ٹی ڈی کے ان غازی اور بہادر جوانوں پر فخر ہے جو اپنی جانوں پر کھیل کر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ فتنہ الخوارج کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رہے گی اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔