پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قومی ٹینس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترنگ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کامیابیوں کے اعتراف پر خیبر پختونخوا حکومت سے اظہارتشکر

مزید خبریں
لاہور۔16جون (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قومی ٹینس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترنگ کا شکریہ ادا کیا ہے۔پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا، تاج محمد خان ترنگ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تصفین حیدر کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ کے لیے قابلِ قدر اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن اسلام آباد میں قائم پی ٹی ایف ٹریننگ سینٹر میں محمد شعیب خان سمیت دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو مسلسل تربیت فراہم کر رہی ہے، جہاں انہیں پیشہ ورانہ کوچنگ، جدید سہولیات، بین الاقوامی معیار کی تربیت اور عالمی مقابلوں میں شرکت کے مواقع میسر ہیں۔اعصام الحق قریشی کے مطابق آئی ٹی ایف فیوچرز انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2026 کے فاتح محمد شعیب خان کے اعزاز میں کی جانے والی حوصلہ افزائی اور ابھرتے ہوئے جونیئر کھلاڑیوں محمد فیضان اور شیان آفریدی کی پذیرائی نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرپرستی اور مراعات نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرتی ہیں اور پاکستان میں ٹینس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتیں بھی مستحق کھلاڑیوں کے لیے اسی طرز کے اسپانسرشپ اور مراعاتی پروگرام متعارف کرائیں گی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل (ر) ضیا الدین طفیل نے کہا کہ فیڈریشن باصلاحیت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔








