شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ناہید نوید عاطف نے کہا ہے کہ رکن ممالک خصوصاً چین کی مشترکہ کوششوں کے باعث تنظیم نے گزشتہ 25 سال میں علاقائی سلامتی، ترقی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم نے علاقائی سلامتی، ترقی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے،پاکستانی مندوب

مزید خبریں
بیجنگ۔16جون (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ناہید نوید عاطف نے کہا ہے کہ رکن ممالک خصوصاً چین کی مشترکہ کوششوں کے باعث تنظیم نے گزشتہ 25 سال میں علاقائی سلامتی، ترقی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ رات بیجنگ میں ایس سی او کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے بعد کہی۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے تحفظ، کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور زیادہ منصفانہ عالمی طرزِ حکمرانی کے نظام کو آگے بڑھانے میں ایس سی او کے منفرد کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ یہ تنظیم اس حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ خطے کے اہم ممالک اس کے رکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم میں فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے جاتے ہیں اور یہ رکن ممالک کو مذاکرات کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے، جس سے ممالک ایک دوسرے کے موقف کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اور باہمی مشاورت کے ذریعے اتفاقِ رائے تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی منفرد طریقہ کار کی بدولت ایس سی او مختلف ممالک کو ایک مشترکہ ایجنڈے پر متحد کرنے میں انتہائی موثر ثابت ہوئی ہے۔








