معرکہ حق اور عالمی امن کے قیام کے حوالے سے جو عزت ملی ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس میں کوئی کمی نہ آنے دیں، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف
معرکہ حق اور عالمی امن کے قیام کے حوالے سے جو عزت ملی ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس میں کوئی کمی نہ آنے دیں، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور پاکستانی قیادت کی کاوشوں سے پہلے معرکہ حق اور اب عالمی امن کے قیام کے حوالے سے جو عزت ملی ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس میں کوئی کمی نہ آنے دیں، علماء کرام سے اپیل ہے کہ وہ معاشرے میں امن ،اتحاد و یکجہتی کے قیام کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔
منگل کو یہاں بین مسالک ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت کی کاوشوں سے دنیا میں امن قائم ہوا ہے، ہم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو خصوصی طور پر مبارکباد کا مستحق قرار دیا ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کو جو عزت دی ہے یہ ہم سب کی عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وہ مقام دیا ہے کہ پوری دنیا پاکستان کی ستائش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد اللہ تعالیٰ نے ملک کو جس عزت سے نوازا ہے، یہ ملک کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو جو دندان شکن جواب دیا، اس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اللہ نے ہمیں جو مقام دیا ہے، اس میں کوئی کمی نہ آنے دیں ، علماء کرام اتحاد و یکجہتی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ۔عالم اسلام اور دنیا میں اللہ تعالی نے پاکستان کو ایک مقام دیا ہے۔ کانفرنس میں اہل بیعت اطہار اور صحابہ کرام کی حرمت و عزت پر مکمل اتفاق رائے کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام شرکا نے کانفرنس میں اتفاق کیا ہے کہ ہم محرم الحرام کا احترام یقینی بنائیں گے اور امن و اتحاد برقرار رکھیں گے ، تمام شہریوں سے بھی امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور میں بھی محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے حوالے سے ایک سیل قائم کیا گیا ہے ۔









