سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی بے ضابطگیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں
سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائیاں ، گیس چوری اور تکنیکی بے ضابطگیوں پر پانچ میٹر منقطع
ملتان۔ 16 جون (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی بے ضابطگیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ جنرل منیجر کی ہدایات پر کی گئی مہم کے دوران 55 مقامات کا معائنہ کیا گیا جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔سوئی گیس حکام کے مطابق چیکنگ کے دوران ایک ایسا میٹر برآمد کیا گیا جسے صارف نے اتار کر الگ رکھا ہوا تھا جبکہ مزید چار صارفین کمپریسر کے استعمال کے ذریعے گیس کے غیر مجاز استعمال میں ملوث پائے گئے۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ میٹرز منقطع کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کی روک تھام کے ساتھ ساتھ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گیس چوری، غیر قانونی کنکشنز اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔









