ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات نے کالا باغ میں غیر قانونی طبی سرگرمیوں پر 2 کلینک سیل کر دیئے

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے کالا باغ میں عطائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 کلینک سیل کر دیئے۔ ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کالاباغ میں مختلف کلینکس کا معائنہ کیا

ایبٹ آباد۔ 16 جون (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے کالا باغ میں عطائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 کلینک سیل کر دیئے۔ ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کالاباغ میں مختلف کلینکس کا معائنہ کیا۔ اس دوران 2 کلینکس میں غیر مستند افراد مریضوں کا معائنہ اور علاج کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس موقع پر موجود ادویات کے ڈریپ رجسٹریشن نمبرز، او آر کوڈز اور بار کوڈز کی جانچ کے دوران مشتبہ ریکارڈ سامنے آنے پر ادویات کے نمونے مزید لیبارٹری تجزیے کے لئے حاصل کر لئے گئے۔ قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں غیر قانونی کلینکس کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مراسلے جاری کر دیئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں اور عطائیت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔