خواتین کے معاشی استحکام کی جانب اہم پیشرفت کے طور پر پاکستان بیت المال،نیوٹیک یونیورسٹی اور نیوٹیک کے مابین مفاہمتی یادداشتیں عمل میں آئی ہیں جِن پر دستخط کے لئے ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب یہاں پاکستان بیت المال کے ہیڈ کوارٹرمیں منعقد ہوئی
پاکستان بیت المال،نیوٹیک یونیورسٹی اور نیوٹیک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں دستخط
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):خواتین کے معاشی استحکام کی جانب اہم پیشرفت کے طور پر پاکستان بیت المال،نیوٹیک یونیورسٹی اور نیوٹیک کے مابین مفاہمتی یادداشتیں عمل میں آئی ہیں جِن پر دستخط کے لئے ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب یہاں پاکستان بیت المال کے ہیڈ کوارٹرمیں منعقد ہوئی۔اِن مفاہمتی یادداشتوں پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ، نیوٹیک یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظّم اعجاز، نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے بھی دستخط کئے جبکہ دیگر شرکاء میں نیوٹیک یونیورسٹی کی جانب سے بریگیڈیئر (ر) محمد تحسین عارف، بریگیڈیئر (ر) سلمان ظفر، بریگیڈیئر (ر) مقبول احمد، ائیر کموڈورندیم خالد، انجینئر محمد علیم اور پاکستان بیت الما ل کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ذیشان دانش اور سینئر افسران بھی شامل تھے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے مطابق نیوٹیک بورڈ آف ٹیکنیکل اینڈ پروفیشنل ایجوکیشن بورڈاور نیوٹیک کے ماہر اور قابل افراد پر مشتمل ٹیم پاکستان بیت المال کے زیرانتظام مُلک بھر میں چلنے والے 165ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز کو عصرِ حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں یکساں تعلیم نصاب اور امتحانی نظام اور مصدقہ سرٹیفکیٹس کی فراہمی جیسی اہم اصلاحات کے نفاذ کے لئے خدمات فراہم کرے گی۔
منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال شاہین خالد بٹ نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے مفاہمتی یادداشت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی معاشی طور پر کمزور خواتین کو پیشہ وارانہ تربیت اور ہنرمندی سے اپنا اور اپنے خاندان کا کفیل بنانا اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب خواتین کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے، پاکستان بیت المال، نیوٹیک یونیورسٹی اور نیوٹیک کے اشتراک سے ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز میں فراہم کردہ تربیتی کورسز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے ساتھ ساتھ ایک منظم امتحانی نظام رائج کرنے اور بعد ازاں انہیں تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے وزیراعظم پاکستان کے اُڑان پاکستان کی روشنی میں خواتین کو با اختیار بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لئے بھی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں بے روزگار ی کے خاتمے کے لئے خود روزگار کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو فنی تربیت کے حصول کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، ان اقدامات سے خواتین اندرونِ ملک کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی حصولِ روزگار کے قابل ہوجائیں گی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے تینوں اداروں کے اشتراک کو یقینی بنانے کے لئے پروفیسرڈاکٹر محمد ذیشان دانش اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوٹیک یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل معظّم اعجاز نے ملک کے کمزور اور نادار افراد کی بحالی کے لئے پاکستان بیت المال کے موثر اقدامات کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمندی اور تربیتی خدمات کی فراہمی نیوٹیک یونیورسٹی کا عزم ہے،اس سلسلے میں ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز کی طالبات کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے روایتی تربیتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل سکلزکی فراہمی کی ضرورت زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے اور مارکیٹ میں دستیاب روزگار کے مواقع کے پیشِ نظر تمام مراکز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے پاکستان بیت المال کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان بیت المال کے ملازمین کے استعدادِ کار میں اضافے کے لئے بھی نیوٹیک یونیورسٹی کی خدمات کی پیشکش کی۔نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کی روشنی میں ایک جیسا کام کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو یکجا کرتے ہوئے انہیں مزید موثر، پائیدار اور دور رس نتائج کا حامل بنایا جارہا ہے جس سے نہ صرف مالی وسائل میں بچت ہوگی بلکہ اہداف کو بہترین انداز میں حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز سے تربیتی کورسز مکمل کرنے کے بعدیہ طالبات نیشنل پورٹل میں آجائیں گی جس کے بعد ہمیں روزگار کے مواقع اور دستیاب فورس کی تعداد جاننے کے بعد بہترین منصوبہ بندی کے لئے مدد ملے گی۔ عامر جان نے بتایا کہ نیوٹیک کی طرف سے معیاری نصاب رائج کرتے ہوئے ایک جیسا امتحانی نظام نافذ کردیا گیا ہے اور پاکستان بیت المال کے 165میں 138ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز کونیوٹیک کے ساتھ رجسٹرڈ کرتے ہوئے ایک یکساں اور معیاری نظام کے تحت انہیں نیوٹیک سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹس کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پاکستان بیت المال کے پلیٹ فارم سے خواتین کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔









