سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے محرم الحرام کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے محرم الحرام کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے محرم الحرام کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مختلف سیکٹروں میں 6 سو سے زائد ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز سمیت دیگر نفری تعینات کی ہے، اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں رائیڈرز اور فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ٹریفک عملے کو ضلع بھر میں جلوسوں کی گزر گاہوں کا جائزہ لیکر ہر قسم کے سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی جس کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران نے مختلف علاقوں سے محرم الحرام کے جلوسوں کے گزرنے والی راستوں کا معائنہ کیا اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر اس کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ ساتویں محرم الحرام سے لیکر 10 ویں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور عزاداری پوائنٹس کو جانیوالے راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا جائیگا اور عام لوگوں کی سہولت کیلئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں قائم امام بارگاہوں کے دورے کر کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کرینگے اور جہاں کہیں بھی مسائل کی نشاندہی کی جائے گی اس کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔