گرمی کے باوجود انگلینڈ اپنا جارحانہ انداز نہیں بدلے گا، تھامس ٹوخیل

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخیل نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے باوجود ٹیم اپنے کھیل کا انداز تبدیل نہیں کرے گی، کیونکہ ایسا کرنا ٹیم کی اصل طاقتوں سے دستبردار ہونے کے مترادف ہوگا۔

ڈیلاس۔17جون (اے پی پی):انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخیل نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے باوجود ٹیم اپنے کھیل کا انداز تبدیل نہیں کرے گی، کیونکہ ایسا کرنا ٹیم کی اصل طاقتوں سے دستبردار ہونے کے مترادف ہوگا۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق کروشیا کے خلاف شیڈول گروپ ایل کے اپنے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ٹوخیل نے کہا کہ ان کی ٹیم نوجوان، بہادر اور پُراعتماد کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو جارحانہ اور متحرک فٹ بال کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں بلند درجہ حرارت کھلاڑیوں پر اثر انداز ہو رہا ہے اور میچوں میں پانی پینے کے لازمی وقفے بھی متعارف کرائے گئے ہیں، تاہم اس کے باوجود انگلینڈ اپنی حکمت عملی برقرار رکھے گا۔

تھامس ٹوخیل کے مطابق گزشتہ کلب ورلڈ کپ کے تجربات اور تحقیق سے معلوم ہوا کہ موسمی حالات کھیل کے حجم اور شدت کو متاثر کرتے ہیں، لیکن کھیل کے بنیادی انداز میں بڑی تبدیلی کی ضرورت نہیں پڑتی۔دوسری جانب کپتان ہیری کین اپنا 115 واں بین الاقوامی میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں، جس کے بعد وہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والوں کی فہرست میں ڈیوڈ بیکہم کے برابر آ جائیں گے۔ ہیری کین نے کہا کہ بیکہم جیسے عظیم کھلاڑی کے ریکارڈ کے برابر پہنچنا ان کے لیے ایک یادگار سنگ میل ہوگا۔انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ میں انگلش ٹیم کامیاب آغاز کے لیے پُرامید ہے۔

 

مزید خبریں