ملک مشکل ترین معاشی حالات سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر کاقومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال
ملک مشکل ترین معاشی حالات سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر کاقومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اقتصادی امور اور فنانس کمیٹی کی رکن زیب جعفر نے کہا ہے کہ ملک مشکل ترین معاشی حالات سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، سنگاپور کے بین الاقوامی رول ماڈل کے مطابق وفاقی واٹر پالیسی مرتب کی جائے۔ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پربحث کے دوران جامع اور تفصیلی خطاب میں انہوں نے ملکی معیشت، دفاع، خواتین کی صحت، نوجوانوں اور علاقائی مسائل پر حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اور اہم تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز وزیرِاعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ان کی مشترکہ حکمتِ عملی کی بدولت آج دنیا پاکستان کے امن پسندانہ کردار کی معترف ہے اور ملک مشکل ترین معاشی حالات سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے میاں نواز شریف کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے تاریخی فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کا وقار بلند کیا ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور پاکستان آئی ایم ایف کے وعدوں کو پورا کر کے درست سمت میں گامزن ہے۔مالیاتی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بجٹ 2026 میں نوجوانوں کے زرعی اور کاروباری قرضوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو ملک کے مستقبل کیلئے بہترین قدم ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فنانس کمیٹی کے تجربے کی روشنی میں بنگلہ دیش اور کینیڈا کے ماڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے ملکی خزانے پر بوجھ کم کرنے کیلئے پنشن اصلاحات پر زور دیا۔
دفاعی بجٹ کے حوالے سے انہوں نے سرحدوں پر تپتی گرمی میں تعینات فوجی جوانوں کی قربانیوں کا ذکر کیا اور پڑوسی ملک کے خطیر دفاعی بجٹ کا موازنہ کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ سے درخواست کی کہ ہمارے بہادر جوانوں کی سہولت کے لیے دفاعی بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے۔زیب جعفر نے ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ایک اہم تجارتی شعبے کی نشاندہی بھی کی اور کہا کہ دنیا بھر میں ‘سی ویڈ’ کی 25 بلین ڈالر کی بڑی انڈسٹری موجود ہے لیکن پاکستان کا اپنے 1,000 کلومیٹر طویل ساحلی علاقے اور 475 اقسام کی سی ویڈز کے باوجود اس میں شیئر صرف 2 ملین ہے، لہٰذا ہمیں انڈیا اور انڈونیشیا کی طرح اس شعبے سے فائدہ اٹھا کر خطیر ریونیو پیدا کرنا چاہیے ۔
خواتین کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ہائیجین مصنوعات پر سے ‘پنک ٹیکس’ ختم کرنے پر وزیرِ خزانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ایوان کی توجہ دلائی کہ ملک کی 70 فیصد آبادی وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہے، جس کے لیے خواتین کو مفت انجکشنز دینے کا ایک خصوصی کوٹہ ہونا چاہیے تاکہ مائیں محفوظ رہیں۔ انہوں نے ماضی میں شہباز شریف کی جانب سے پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے مفت انجکشنز کی فراہمی کے اقدام کو بھی یاد کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پینے کے صاف پانی کے بحران، خصوصا جنوبی پنجاب کے کھارے پانی کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے سنگاپور کے بین الاقوامی رول ماڈل کے مطابق وفاقی واٹر پالیسی بنانے کی اپیل کی۔اپنے خطاب کے آخری حصے میں زیب جعفر نے وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت، استقامت اور بہادری کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں پہلی بار ایئر ایمبولینس سروس، صاف ستھرا پنجاب مہم اور خواتین کے تحفظ کے لیے ہیلپ لائن جیسے مثالی اقدامات کیے ہیں، اور ان کی مضبوط پالیسیوں کی وجہ سے رحیم یار خان کا خطرناک کچے کا علاقہ اب ڈاکوں سے پاک اور محفوظ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شکوے کرنے کے بجائے مریم نواز کے جذبے سے سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے ایوان میں موجود تمام خواتین ارکان پارلیمنٹ کی قانون سازی میں لگن کو سلام پیش کرتے ہوئے فخر کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی 54 فیصد آبادی کی حقیقی اور مضبوط آواز ہیں۔








