نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد میں چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں معلوماتی کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا اہتمام چائنہ میڈیا گروپ، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نمل یونیورسٹی اور چینی ثقافتی مرکز پاکستان کے باہمی اشتراک سے کیا گیا، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
نمل اسلام آباد میں چین۔پاکستان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں معلوماتی کوئز پروگرام

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد میں چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں معلوماتی کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا اہتمام چائنہ میڈیا گروپ، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نمل یونیورسٹی اور چینی ثقافتی مرکز پاکستان کے باہمی اشتراک سے کیا گیا، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پروگرام میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر چن پھنگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی نہ صرف چینی عوام بلکہ خطے اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے بھی ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر محمد رفیق خان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لا رہے ہیں اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔نمل فیکلٹی آف لینگویجز کے ڈین ڈاکٹر جمیل اصغر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
اس موقع پر سی جی ٹی این اردو چائنا میڈیا گروپ پاکستان کے نمائندہ وانگ لے نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی باہمی اعتماد، بھائی چارے اور مشترکہ ترقی کی ایک روشن مثال ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط اور گہری ہو رہی ہے۔کوئز پروگرام میں شریک طلبہ نے چین اور پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق سوالات کے جوابات دے کر اپنی معلومات اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ نے رنگارنگ ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کیں، جن میں چین اور پاکستان کے مشترکہ ثقافتی ورثے، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی کی خوبصورت عکاسی کی گئی۔پروگرام کے اختتام پر چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر چن پھنگ اور نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر محمد رفیق خان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ شرکا نے اس پروگرام کو چین اور پاکستان کے تعلقات، تاریخ اور ثقافت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کا ایک موثر اور مفید ذریعہ قرار دیا۔








