پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت میں ایک اعلی سطح کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا
محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، آزاد جموں کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا

مزید خبریں
لاہور۔17جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت میں ایک اعلی سطح کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا ۔ جس میں آزاد جموں کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر لیڈر شپ نے شرکت کی۔پارٹی ترجمان کے مطابق محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح موقف رکھتی ہے ۔جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاھیے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزاد جموں کشمیر کے عوام کو آئینی اور بنیادی حقوق اور تعمیرو ترقی کے حوالے سے ترجیح دی ہے ۔ آزاد جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے مطابق انہیں مکمل شہری آزادیاں حاصل ہیں ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ عوامی حقوق کے لیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ مسلم لیگ ن تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہیں سرکاری اور سول شہریوں کے جانوں کے ضیاع پر دلی رنج اور صدمہ پہنچا ہے، ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونا چاہیے تھی ۔ یہ ملک ہم سب کا ہے ۔ اس میں ہم سب نے بھائیوں کی طرح رہنا ہے ۔ کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا ہے اور اس کے لیے کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ جموں کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں ۔ دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں ۔ مجھے امید ہے کہ آزاد جموں کشمیر کے عوام ، حکومت آزاد جموں کشمیر اور حکومت پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر آزاد جموں کشمیر میں امن کی بحالی اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ ان کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں پاکستان اور آزاد جموں کشمیر میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے اور کسی طور بھی کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ اجلاس نے آزاد جموں کشمیر میں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت کی دعا کی ۔ اجلاس میں قائد مسلم لیگ نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی انتخابی مہم کو بہتر انداز میں منظم کرنے اور انتھک محنت کرنے پر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی خدمات کو سراہا ۔








