نیمار کی برازیل کے تربیتی سیشن میں واپسی

برازیل کے مایہ ناز فٹ بالر نیمار پنڈلی کی چوٹ سے صحت یابی کے عمل سے گزرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ سکواڈ کے ساتھ دوبارہ تربیتی سیشن کا حصہ بن گئے ہیں۔

نیویارک۔18جون (اے پی پی):برازیل کے مایہ ناز فٹ بالر نیمار پنڈلی کی چوٹ سے صحت یابی کے عمل سے گزرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ سکواڈ کے ساتھ دوبارہ تربیتی سیشن کا حصہ بن گئے ہیں۔ شنہوا کے مطابق 34 سالہ فارورڈ نے نیو جرسی میں برازیل کے تربیتی کیمپ میں وارم اپ سرگرمیوں اور ڈرلز میں حصہ لیا، جس کے بعد انہوں نے مرکزی گروپ سے الگ ہو کر پریکٹس کی۔ نیمار مئی میں سانتوس الیون کی طرف سے کھیلتے ہوئے دائیں ٹانگ میں پنڈلی کے کھچاؤ کا شکار ہونے کے بعد سے میدان سے باہر ہیں۔

فٹنس میں واضح بہتری کے باوجود، سانتوس کے فارورڈ کی جمعہ کو فلاڈیلفیا میں ہیٹی کے خلاف برازیل کے گروپ سی کے ورلڈ کپ میچ میں شرکت متوقع نہیں ہے۔ 128 بین الاقوامی میچوں میں 79 گولز کے ساتھ برازیل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی، نیمار اکتوبر 2023 میں گھٹنے کے اگلے حصے کے لیگامینٹ (اے سی ایل ) کے پھٹنے کے بعد سے قومی ٹیم کے لیے نہیں کھیل پائے ہیں۔ برازیل نے گزشتہ ہفتے کو مراکش کے خلاف 1-1 سے ڈرا کے ساتھ اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کیا تھا۔