یمن میں قحط تیزی سے بڑھ رہا ہے ، اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی بحران کی رفتار تیز ہونے اور بھوک کی سطح میں اضافے سے خبردار کیا ہے۔العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا کہ کہ فنڈنگ کی شدید کمی اور انسانی ہمدردی کے آپریشنز پر عائد پابندیاں امداد کے ضرورت مندوں تک پہنچنے میں رکاوٹیں ہیں۔

اقوام متحدہ ۔18جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی بحران کی رفتار تیز ہونے اور بھوک کی سطح میں اضافے سے خبردار کیا ہے۔العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا کہ کہ فنڈنگ کی شدید کمی اور انسانی ہمدردی کے آپریشنز پر عائد پابندیاں امداد کے ضرورت مندوں تک پہنچنے میں رکاوٹیں ہیں۔اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے یمن کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنی بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ انسانی بحران تیز ہو رہا ہے اور بھوک کی سطح بلند ہو رہی ہے۔

امدادی کوششوں کو فنڈز کی کمی اور ضرورت مندوں تک رسائی میں کمی کی وجہ سے بے مثال دباؤ کا سامنا ہے۔ فلیچر نے انسانی صورتحال کی ایک تاریک تصویر پیش کرتے ہوئے کہا کہ 18 ملین سے زائد یمنی ۔ یعنی آبادی کا تقریباً نصف حصہ ۔ پہلے ہی شدید بھوک کا شکار ہیں۔انہوں نے ایک خطرناک اور ریکارڈ ساز اشارے کا انکشاف کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غذا فراہم کرنے سے قاصر افراد کی شرح صرف ایک ماہ کے دوران 50 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 60 فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے اس گراوٹ کو ایک ایسی صورتحال قرار دیا جو انسانی ہمدردی کے تحت دی جانے والی امداد کی روک تھام کی صلاحیت سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔امدادی کوآرڈینیٹر نے وضاحت کی کہ قانونی حکومت کے زیرِ کنٹرول اضلاع کو ایک شدید بحران کا سامنا ہے۔

تقریباً 50 لاکھ افراد کو شدید بھوک کا سامنا ہے جن میں سے ایک چوتھائی انتہائی نازک ہنگامی حالات میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مجموعی معاشی تنزلی اور صحت کے شعبے کی تباہی کے نتیجے میں پانچ سال سے کم عمر کے 2.2 ملین سے زائد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

حوثی گروپ کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے حوالے سے فلیچر نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ گروپ کی جانب سے جانچ پڑتال کے طریقہ کار پر عائد سخت پابندیوں کی وجہ سے صورتحال واضح نہیں ہے اور درست اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا کہ ڈیٹا کی عدم موجودگی کا مطلب کسی بھی صورت میں ضرورت کی عدم موجودگی یا صورتحال کا بہتر ہونا نہیں ہے۔