مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کا یوم اقبال پر نادر تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری توحید کا لافانی پیغام ہے جس سے انسانی سوچ غلامی کی قید سے نجات پاکر خودی کی اعلی منزلیں طے کرتی ہے۔ مفکر پاکستان کے پیغام کو اپنی روح اور کردارمیں بسانا ہوگا۔ جمعرات کو قومی شاعر علامہ اقبال کے140 ویں …

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری توحید کا لافانی پیغام ہے جس سے انسانی سوچ غلامی کی قید سے نجات پاکر خودی کی اعلی منزلیں طے کرتی ہے۔ مفکر پاکستان کے پیغام کو اپنی روح اور کردارمیں بسانا ہوگا۔ جمعرات کو قومی شاعر علامہ اقبال کے140 ویں یوم پیدائش تقریبات کے سلسلے میں ایوانِ قائد اسلام آباد میں علامہ اقبال کی نادرتصاویر کی نمائش کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری محض شاعری نہیں بلکہ حرکت و عمل کا ابدی پیغام ہے۔ علامہ اقبال نے خودی جدو جہداور محبت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ اقبال کے تخیل نے عام جغرافیائی سرحدوںکومٹا کر انسانی فکر کو دانائی، حکمت اور زندگی کے نئے پیمانے عطا کئے ہیں۔دنیا کے ہر گوشے میں رہنے والا اقبال کے پیغام سے راہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔ اہل پاکستان کے لئے یہ باعث فخر ہے کہ علامہ کاتعلق اس پاک سر زمین سے ہے۔ اسی سر زمین سے علامہ کا پیغام بنی نوع انسان تک پہنچا۔ مشیر وزیراعظم نے علامہ اقبال کی زندگی پرنادر تصاویرکی نمائش کے انعقاد پر نظریہ پاکستان کونسل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال کی تصویریں ہمارے دلوں میں آویزاں ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کی شاعری اور پیغام کو سمجھیں اور اسے اپنی زندگی اورروح میں بسائیں۔ نظریہ پاکستان کونسل کے زیراہتمام ہفتہ اقبال کے سلسلہ میں علامہ اقبال کی نادر تصاویر کی نمائش 9سے 15نومبر تک جاری رہے گی۔

Leave a Reply