صدر مملکت کاامریکااور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کا خیرمقدم، وزیراعظم ، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ ، وفاقی وزیر داخلہ اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین
صدر مملکت کاامریکااور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کا خیرمقدم، وزیراعظم ، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ ، وفاقی وزیر داخلہ اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ فروری 2026 میں شروع ہونے والے تنازعے نے خطے کے عوام کو بے پناہ مصائب سے دوچار کیا اور عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی، تجارت اور اقتصادی استحکام کو شدید متاثر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کا سانحہ دوبارہ کبھی رونما نہیں ہوگا اور خطے کے ممالک اب اپنی توانائیاں ترقی، خوشحالی اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کریں گے۔
صدر مملکت نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ان کی انتھک سفارتی کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے فریقین کو معاہدے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پورے بحران کے دوران ایک اصولی، متوازن اور تعمیری کردار ادا کیا اور مسلسل مذاکرات، تحمل اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھے۔ صدر آصف علی زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسین خامنہ ای، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت کو بھی سراہا، جنہوں نے تنازعے کے سفارتی حل کو یقینی بنایا اور امن کے فروغ میں کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر سمیت برادر ممالک کے علاوہ روسی فیڈریشن اور چین کی قیمتی معاونت کو بھی سراہا جن کی کوششوں اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی نے امن کے قیام کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو تیز کریں تاکہ پائیدار امن اور ترقی کی راہ ہموار ہوسکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہیرو وہ ہیں جنہوں نے جنگ ختم کی، نہ کہ وہ جو جنگ شروع کرنے کے لیے بے تاب ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد اور پاکستان کے نام سے منسوب یہ مفاہمتی یادداشت خطے میں دیرپا اور جامع امن کی بنیاد ثابت ہوگی جس سے ممالک اقتصادی ترقی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور اپنے عوام کی بہتری پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگ تباہی اور مصائب کے سوا کچھ نہیں لاتی، امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کے ساتھ امن اور خوشحالی کے مشترکہ سفر میں یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔









