بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلے میں دبئی کلچر کا ’’پیپل اینڈ لیگیسی‘‘منصوبہ پیش، اماراتی شخصیات کی خدمات کو اجاگر کیا

دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی (دبئی کلچر) نے 32ویں بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلے میں اپنے ثقافتی و اشاعتی منصوبے ’’پیپل اینڈ لیگیسی‘‘ کی نمائش کی جہاں متحدہ عرب امارات کو مہمانِ خصوصی کا اعزاز حاصل ہے

دبئی۔18جون (اے پی پی):دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی (دبئی کلچر) نے 32ویں بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلے میں اپنے ثقافتی و اشاعتی منصوبے ’’پیپل اینڈ لیگیسی‘‘ کی نمائش کی جہاں متحدہ عرب امارات کو مہمانِ خصوصی کا اعزاز حاصل ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی کلچر کے شعبہ ادب و علم کی ڈائریکٹر ایمان الحمادی نے وام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ، جس کا مقصد بااثر اماراتی شخصیات کی زندگیوں اور خدمات کو محفوظ کرنا ہے، بیجنگ کے چائنا نیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ کتاب میلے میں 17 سے 21 جون تک قائم متحدہ عرب امارات کے ’’البیت الاماراتی‘‘ پویلین میں پیش کیا جا رہا ہے۔ دبئی کلچر نے یہ منصوبہ جون 2026 میں غاف پبلشنگ ہاؤس کے تعاون سے شروع کیا تھا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 8 سے 18 سال کی عمر کے قارئین کے لیے 10 کتابیں شائع کی گئی ہیں، جن میں ادبی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی اور سائنسی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی اماراتی شخصیات کی زندگی اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل ان کے تجربات سے رہنمائی حاصل کر سکے۔ اس سلسلے میں دبئی کے تاریخی الاحمدیہ سکول کے بانی شیخ احمد بن دلموک، شاعر و ادیب احمد بن سلطان بن سلیم اور معروف شاعرہ عوشہ بنت خلیفہ سمیت متعدد نمایاں شخصیات کی خدمات کو دستاویزی شکل دی گئی ہے، جنہوں نے اماراتی معاشرے پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی میلے میں بچوں کے لیے تیار کی گئی اماراتی شخصیات پر مبنی کتابوں سمیت متعدد خصوصی اشاعتیں پیش کر رہی ہے جبکہ دبئی کی تاریخ، ثقافتی ارتقا اور ترقی پر مبنی فنی اور ادبی مطبوعات بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں نے نمائش میں پیش کی گئی کتابوں کے ذریعے اماراتی روایات، ثقافتی ورثے اور سماجی اقدار کے بارے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کلچر میلے کے دوران چینی اداروں کے ساتھ متعدد ملاقاتوں کے ذریعے تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہے، جن میں اماراتی اشاعتوں کو چینی زبان میں ترجمہ کرنے اور مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے امکانات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ بین الاقوامی کتاب میلے میں دبئی کلچر کی شرکت متحدہ عرب امارات کی تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینے، عالمی ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

مزید خبریں