والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکے زیر اہتمام قلعہ لاہور میں ہنگری کے معروف مصور آگوسٹن شوفٹ کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری تختی کی تنصیب کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں ہنگری کے سفیر زولتان وارگانے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نجم الثاقب سمیت سفارتی
والڈ سٹی لاہورمیں ہنگری کے معروف مصور آگوسٹن شوفٹ کی تاریخی پینٹنگز خصوصی توجہ کا مرکز بن گئیں

مزید خبریں
لاہور۔18جون (اے پی پی):والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکے زیر اہتمام قلعہ لاہور میں ہنگری کے معروف مصور آگوسٹن شوفٹ کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری تختی کی تنصیب کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں ہنگری کے سفیر زولتان وارگانے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نجم الثاقب سمیت سفارتی، ثقافتی، تاریخی اور تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔تقریب کا مقصد پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی، تاریخی اور فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر قلعہ لاہور میں آویزاں آگوسٹن شوفٹ کی تاریخی پینٹنگز خصوصی توجہ کا مرکز رہیں، جو لاہور کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ تقریب کے شرکا کو بتایا گیا کہ آگوسٹن شوفٹ کی نادر تاریخی پینٹنگز کو 2021میں ہنگری کے ماہر ریسٹوریشن آرٹسٹس نے بحال کیا تھا۔ یہ بحالی منصوبہ اسلام آباد میں ہنگری کے سفارتخانے، بینک آف پنجاب اور والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے اشتراک سے مکمل کیا گیا، جس کے ذریعے ان قیمتی فن پاروں کو اصل حالت کے قریب ترین شکل میں محفوظ بنایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے بین الاقوامی شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی سفارتکاری اور مشترکہ ورثے کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔اس موقع پر نصب کی جانے والی یادگاری تختی کے ذریعے ہنگرین مصور آگوسٹن شوفٹ کی خدمات اور لاہور کے تاریخی ورثے کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اس تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، بین الثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نجم الثاقب نے کہا.”آگوسٹن شوفٹ کی تاریخی پینٹنگز نہ صرف لاہور کے شاندار ماضی کی عکاس ہیں بلکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان دیرینہ ثقافتی روابط کی بھی ایک خوبصورت علامت ہیں۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی تاریخی ورثے کے تحفظ، بحالی اور عالمی سطح پر اس کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہنگری کے سفارتخانے اور بینک آف پنجاب کے تعاون سے ان نادر فن پاروں کو محفوظ بنایا گیا
جس سے آنے والی نسلیں بھی اس قیمتی ورثے سے مستفید ہو سکیں گی۔ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سفارتکاری اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور ہم مستقبل میں بھی ایسے مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے کوشاں رہیں گے۔”تقریب کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ، فن پاروں کی بحالی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ پاکستان اور ہنگری کے مشترکہ ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر موثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔








