متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے صوبائی حکومت متحرک ہے، چوہدری شافع حسین

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت متحرک ہے۔

راولپنڈی۔18جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت متحرک ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سلیم بواب ذیبی سے ملاقات میں یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پنجاب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کی مختلف تجاویز پر غور کیا اور ٹیکسٹائل، زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، فوڈ سکیورٹی، ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ باہمی معاشی روابط کو مؤثر بنانے کے لیے دونوں جانب سے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دئیے گئے۔ چوہدری شافع حسین نے سفیر کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں دستیاب سرمایہ کاری مواقع اور مراعات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو 10 سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے جس سے مشرق وسطیٰ سے سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ صنعتی ضروریات کے مطابق نئی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کی جا رہی ہیں جبکہ قائد آباد میں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے لیے خصوصی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں جدید گارمنٹ سٹی قائم کی گئی ہے اور ٹیوٹا کے اداروں میں لیبارٹریوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے متحدہ عرب امارات کو مٹن، بیف، چکن اور دیگر مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سلیم بواب ذیبی نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے اور انہیں یہاں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے لاہور کو پنجاب کا خوبصورت اور ثقافتی مرکز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رحیم یار خان ایئرپورٹ جلد فعال ہو جائے گا جس سے دوطرفہ معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔

مزید خبریں