موٹروے پولیس کی گاڑیوں میں آگ بجھانے کے لازمی آلات کے بارے میں آگاہی مہم جاری

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر سفر کرنے والی گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کے حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر سفر کرنے والی گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کے حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے۔ہفتہ کو موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق آگ بجھانے والے آلات کے بغیر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف 24 جون کے بعد قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ قانون پر عملدرآمد کے نفاذ کی آخری تاریخ فی الحال صرف مسافروں کو لے جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر لاگو ہوتی ہے۔ تاہم کاروں، جیپوں، ایس یو ویز، ایل ٹی ویز اورایچ ٹی ویز سمیت دیگر گاڑیوں کے لیے آگاہی مہم میں مزید 60 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔موٹروے پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی ہنگامی صورتحال، گاڑیوں میں آگ لگنے اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق خطرات کو کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ترجمان نے پبلک سروس گاڑیوں کے مالکان، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں معیاری آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہو اور روڈ سیفٹی کے ضوابط پر عمل کیا جا سکے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک کے ہائی وے نیٹ ورک پر عوامی بیداری اور موثر نفاذ کے اقدامات کے ذریعے سڑک کی حفاظت کو فروغ دینے اور حادثات کی روک تھام کے اپنے عزم کا اعادہ کیاہے۔

مزید خبریں