استور،الیکشن کمیشن کا بڑا اقدام، تمام اضلاع میں رجسٹریشن آفیسرز کی تقرری
استور،الیکشن کمیشن کا بڑا اقدام، تمام اضلاع میں رجسٹریشن آفیسرز کی تقرری

مزید خبریں
استور 20 جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے بلدیاتی انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی تیاری، نظرثانی اور حتمی تشکیل کے لیے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں رجسٹریشن آفیسرز (ROs) اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز (AROs) مقرر کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع گلگت میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ گلگت اور پراجیکٹ منیجر گلگت کو میونسپل کمیٹی گلگت (وارڈ نمبر 1 تا 40)، یونین کونسل نومل نلتر، نومل فیض آباد، شروٹ شکیوٹ اور ہنزل کارگاہ کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈیولپمنٹ) ایل جی اینڈ آر ڈی اور آمنہ علی آفیسر ایل جی اینڈ آر ڈی کو میونسپل کمیٹی گلگت کے وارڈ نمبر 41 تا 88 کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ اور تحصیلدار جگلوٹ کو تحصیل کونسل جگلوٹ اور متعلقہ یونین کونسلز جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دنیور اور تحصیلدار دنیور کو میونسپل کمیٹی دنیور، ہراموش، جلال آباد، اوشکھنداس، بگروٹ، جوتل اور رحیم آباد جگلوٹ گورو کے علاقوں کا اختیار دیا گیا ہے۔
ضلع نگر میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نگر اور تحصیلدار نگر کو میونسپل کمیٹی نگر، یونین کونسل چھپروٹ/ربات/بڈلس، میاچھر اور پھیکر کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایل جی اینڈ آر ڈی نگر اور پراجیکٹ منیجر ایل جی اینڈ آر ڈی نگر یونین کونسل اسکرداس، شایار، سمائر، نگر خاص پائیں، نگر خاص بالا، ہوپر پائیں اور ہوپر بالا کے علاقوں میں فرائض انجام دیں گے۔ضلع ہنزہ میں اسسٹنٹ کمشنر علی آباد اور تحصیلدار علی آباد کو میونسپل کمیٹی ہنزہ، شیناکی اور نصیر آباد کے علاقوں کا رجسٹریشن اختیار دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گوجال اور تحصیلدار گوجال، گلمت، غلکن، شمشال، سوست اور چھپورسن کے علاقوں میں ذمہ دار ہوں گے۔ضلع اسکردو میں مختلف رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کو میونسپل کمیٹی اسکردو، گمبہ، تھورگو، شغر، گول، روندو، شاتن، تلو، دیوسائی اور دیگر یونین کونسلز و میونسپل حدود میں انتخابی فہرستوں کی تیاری و نظرثانی کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ضلع شگر میں اسسٹنٹ کمشنر شگر اور تحصیلدار شگر کو میونسپل کمیٹی شگر اور یونین کونسلز نار، چرکھا، ہاشوپی، الچوڑی، داسو، بردو، گلاب پور، وزیرپور، تسر اور باشا سمیت متعلقہ علاقوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ضلع گانچھے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایل جی اینڈ آر ڈی، اسسٹنٹ کمشنر خپلو، مشہ بروم، ڈغونی اور چھوربٹ اپنے متعلقہ میونسپل اور یونین کونسل علاقوں بشمول خپلو، مشہ بروم، تھلے، ڈغونی، پائن، سیاچن اور چھوربٹ میں انتخابی فہرستوں کی تیاری کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
ضلع غذر میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایل جی اینڈ آر ڈی غذر، اسسٹنٹ کمشنر پونیال/اشکومن، گوپس/پھندر اور یاسین کو بالترتیب میونسپل کمیٹی گاہکوچ، تحصیل کونسل پونیال، اشکومن، گوپس، پھندر اور یاسین کی مختلف یونین کونسلوں کے لیے رجسٹریشن آفیسرز مقرر کیا گیا ہے۔ضلع دیامر میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر چلاس، گوہر آباد، داریل اور تانگیر کو میونسپل کمیٹی چلاس، تحصیل کونسل داریل، تانگیر اور ضلع کی مختلف یونین کونسلوں بشمول بٹوگاہ، کھنر، تھور، گبر، شل، پھوگچ، راجہ کوٹ، گوہرآباد، گونر فارم اور دیگر علاقوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ضلع استور میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر استور کو میونسپل کمیٹی استور اور یونین کونسل بُنی، ڈشکن اور پریشنگ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شونٹر کو رحمن پور (شونٹر)، چورت، رٹو، پکورہ، نوگام، زماری، گودائی، قمری اور دیگر متعلقہ یونین کونسلوں کا اختیار دیا گیا ہے۔
ضلع کھرمنگ میں اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ اور تحصیلدار کھرمنگ کو میونسپل کمیٹی کھرمنگ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایل جی اینڈ آر ڈی اور پراجیکٹ منیجر کھرمنگ کو کتیشو، پری، کھرمنگ خاص، گھنڈوس، باغیچہ، ہمزگوند، گناخ اور بریسل سمیت دیگر یونین کونسلوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے واضح کیا ہے کہ تمام مقرر کردہ رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز فوری طور پر اپنے فرائض سنبھالیں گے اور بلدیاتی انتخابات 2026 کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری، تصحیح اور نظرثانی کے عمل کو مقررہ قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کریں گے۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 2026 کے انعقاد کے تمام مراحل شفاف، غیر جانبدارانہ اور قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔








