پارلیمانی کاکس برائے چائلڈرائٹس کاوفاقی بجٹ 2026-27 کا جائزہ، بچوں کیلئے مختص فنڈز بڑھانے پر زور

پارلیمانی کاکس برائے چائلڈرائٹس کاوفاقی بجٹ 2026-27 کا جائزہ، بچوں کیلئے مختص فنڈز بڑھانے پر زور

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):قومی اسمبلی کی پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس (پی سی سی آر) کا اجلاس کنوینر ڈاکٹرنکہت شکیل خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہواجس میں بچوں کے حقوق کے تناظر میں وفاقی بجٹ 2026-27 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا عنوان "بچوں کی نظر سے بجٹ: 2026-27 کا بعد از بجٹ تجزیہ” تھا جس کا انعقاد سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او)پاکستان کے تعاون سے کیا گیا۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹریز اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور اس بات کا جائزہ لیا کہ آیا وفاقی بجٹ میں بچوں کی تعلیم، صحت، غذائیت، تحفظ اور مجموعی فلاح و بہبود کے لیے مناسب وسائل مختص کئے گئے ہیں یا نہیں۔

افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ قومی بجٹ کسی بھی ملک کی ترجیحات کا عکاس ہوتا ہےاس لیے یہ جانچنا ضروری ہے کہ بچوں کی ترقی اور فلاح کے لیے کتنی سنجیدگی سے وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر سرمایہ کاری نہ صرف قومی ذمہ داری ہے بلکہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

اجلاس کے دوران بجٹ ماہر عامر اعجاز نے وفاقی بجٹ 2026-27 کا بچوں کے حقوق کے تناظر میں تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے بچوں سے متعلق اخراجات کو براہ راست، بالواسطہ اور عمومی عوامی اخراجات کی مختلف اقسام میں تقسیم کرتےہوئے ان کا جائزہ لیا۔ پریزنٹیشن میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ترقیاتی بجٹ، قومی صحت خدمات کے ترقیاتی پروگراموں، صوبائی سطح پرصحت، تعلیم، غذائیت، واٹر، سینی ٹیشن اینڈ ہائجین (واش) اور قدرتی آفات و سیلاب سے بحالی و انتظامی اقدامات کے لیے مختص فنڈز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت مختص رقوم پر بھی غور کیا گیا۔

بعد ازاں ہونے والے تفصیلی تبادلہ خیال میں پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کی کنوینر شائستہ پرویز، پارلیمانی سیکرٹریز فرح ناز اکبر، کرن عمران دار، صبا صادق، زیب جعفر اور اراکین قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی اور کرن حیدر نے شرکت کی۔ شرکاء نے بجٹ ماہر عامر اعجاز، لیڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر اور پروگرامز ڈائریکٹر مریم جواد کے ساتھ بچوں سے متعلق بجٹ مختصات کی افادیت اور موجودہ خامیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔اجلاس کےشرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں بچوں سے متعلق شعبوں کے لیے مزید مؤثر اور ہدفی فنڈز مختص کرانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی تاکہ بچوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کےتحفظ کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اختتامی خطاب میں ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے عامر اعجاز کی جامع پریزنٹیشن کو سراہتے ہوئے سیدکوثر اور مریم جواد کی قیمتی آراء پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےبچوں کے حقوق پر مبنی بجٹ سازی کے حوالے سے تعمیری مکالمے کے فروغ میں ایس ایس ڈی او کی تکنیکی معاونت کو بھی قابل قدر قرار دیا۔انہوں نے اجلاس میں فعال شرکت کرنے والی اراکین قومی اسمبلی شائستہ پرویز، فرح ناز اکبر، کرن عمران دار، صبا صادق، زیب جعفر، آسیہ ناز تنولی اور کرن حیدر کی بچوں کی فلاح کے لیے بجٹ میں مناسب وسائل مختص کرانے کے عزم کو سراہا۔ ڈاکٹرنکہت شکیل خان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران حاذق بخاری اور عفت پرویز کی اجلاس کے کامیاب انعقاد میں معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں