پاکستانی ویٹ لفٹرنوح دستگیر بٹ نے ازبکستان میں انٹرنیشنل ورلڈسٹرونگ مین مقابلوں میں دوگولڈمیڈلز جیت کرتاریخ رقم کر دی، کامیابی والدین کے نام
پاکستانی ویٹ لفٹرنوح دستگیر بٹ نے ازبکستان میں انٹرنیشنل ورلڈسٹرونگ مین مقابلوں میں دوگولڈمیڈلز جیت کرتاریخ رقم کر دی، کامیابی والدین کے نام

مزید خبریں
لاہور۔20جون (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز ویٹ لفٹر اور پاور لفٹر نوح دستگیر بٹ نے ازبکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل ورلڈ اسٹرونگ مین مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے۔ انہوں نے اپنی اس تاریخی کامیابی کو والدین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیل کے سفر میں والدین کی بھرپور حمایت اور قربانیاں شامل ہیں۔کامن ویلتھ گیمز کے چیمپئن نوح دستگیر بٹ نے بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے پہلا گولڈ میڈل ازبکستان کے شہر خیوا میں اور دوسرا اعزاز تاشقند میں حاصل کیا، جس سے دنیا بھر میں ان کی ساکھ مزید مستحکم ہوئی ہے۔
اپنی شاندار فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نوح بٹ کا کہنا تھا کہ "اللہ تعالی کے فضل وکرم سے میرے والدین میری طاقت اور کامیابی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی میرا حوصلہ ٹوٹنے نہیں دیا اور ہمیشہ مجھے بہترین کارکردگی کے لیے متحرک کیا۔ یہ کامیابیاں ان کی قربانیوں اور مجھ پر غیر متزلزل اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔نوح دستگیر بٹ نے اپنے سرپرست اور اسپانسر ایکٹیوٹ کے سی ای او اور نیشنل ہسپتال کے ڈائریکٹر رضوان آفتاب احمد کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رضوان آفتاب کی رہنمائی اور مالی و اخلاقی تعاون نے انہیں ایک پیشہ ور کھلاڑی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کی بدولت وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔
کامن ویلتھ چیمپئن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حالیہ کامیابیوں نے ملک کا نام روشن کرنے کے ان کے ارادے کو مزید مضبوط کر دیا ہے اور اب ان کا اگلا ہدف لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے مزید عالمی اعزازات جیتنا چاہتا ہوں۔ میرا سب سے بڑا خواب اولمپک پوڈیم پر کھڑے ہو کر ملک کے لیے گولڈمیڈلز جیتنا ہے، بالکل اسی طرح جیسے ارشد ندیم نے اولمپکس میں انفرادی گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔








