گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کا سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ
گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کا سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور تنظیموں کے درمیان تفصیلی مشاورت، باہمی اعتماد اور اتفاقِ رائے کے بعد سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں جماعتوں نے سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجوزہ فارمولے کے تحت وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا۔گورنر گلگت بلتستان کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوگا۔لیڈر آف دی اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا منصب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا۔دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والا پبلک مینڈیٹ فارمولا باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اس بات پر متفق ہیں کہ ملک اور بالخصوص گلگت بلتستان کو درپیش چیلنجز سےنمٹنے، عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اورجمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔
دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد، عوامی خدمت اور پاکستان کی مضبوطی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گی،مشترکہ حکومت کا یہ فیصلہ سیاسی رواداری، قومی یکجہتی اور جمہوری تسلسل کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے گلگت بلتستان میں مؤثر، مستحکم اور عوام دوست حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔







